کراچی: ناظم آباد میں اسکول کے دروازے پر فائرنگ، باپ جاں بحق، بیٹی شدید زخمی
کراچی میں فائرنگ کے واقعات میں 2 شہری جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے جبکہ پولیس سے مبینہ مقابلوں کے دوران 2 ملزمان ہلاک ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ناظم آباد گول مارکیٹ میں گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول کے گیٹ پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں باپ جاں بحق اور بیٹی شدید زخمی ہوگئی۔
ریسکیو کے مطابق بچی کی عمر 10 سال ہے جو اسکول یونیفارم میں ملبوس تھی، فائرنگ کی اطلاع ملنے پر پولیس جائے وقوع پر پہنچ گئی۔
اسکول انتظامیہ کے مطابق باپ اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑنے آیا تھا، اسکول کے گیٹ پر ہی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، بچی کا نیا ایڈمیشن ہوا تھا، اس لیے زیادہ معلومات نہیں۔
ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کرائم سین پر پہنچ گئے، پولیس کے مطابق قتل دشمنی کی بنا پر کیا گیا، جاں بحق شخص راشد اسٹیٹ ایجنسی چلاتا تھا، ادھیڑ عمر قاتل اسکول کے باہر کھڑا انتظار کر رہا تھا، راشد جیسے ہی اپنی بیٹی کو اسکول چھوڑنے آیا ملزم نے موٹر سائیکل سے اتر کر پہلی گولی بچی اور دوسری باپ کے سر پر ماری۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والے شخص کی سفید داڑھی تھی، سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر کے ذریعے ملزم کی تلاش کر رہے ہیں۔
دوسری جانب نیپا چورنگی راشد منہاس روڈ پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت کامران عباس کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق مبینہ طور پر موٹرسائیکل سوار ملزمان نے ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر موٹرسائیکل سوار کو گولی ماری، جائے وقوع سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اوراطراف کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔
دریں اثنا، نارتھ ناظم آباد میں ڈاکوؤں نے موٹرسائیکل چھیننے کے دوران فائرنگ کرکے 2 بھائیوں کو زخمی کردیا اور فرار ہوگئے۔
ایف بی ایریا میں 2 بیٹوں نے باپ کو قتل کردیا
علاوہ ازیں، ایف بی ایریا بلاک 14 سے بوری میں بند تشدد زدہ لاش ملی، پولیس کے مطابق مقتول خاور انجم حکیم اور آبائی تعلق میرپور خاص سے تھا، خاور انجم کو اس کے بیٹوں نے تشدد اور گلا گھونٹ کر قتل کیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان لاش کو بوری میں بند کرکے موٹرسائیکل پر ٹھکانے لگانے لے جارہے تھے، راستے میں پولیس نے روک کر بوری کھولی تو لاش مل گئی، مقتول کے دونوں بیٹوں ابراہیم اور افضل کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقتول خاور انجم اپنے بیٹوں کے ساتھ مدرسہ میں ایک کمرے میں رہائش پذیر تھا، واقعے کے اصل محرکات جاننے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
مختلف واقعات میں 2 جرائم پیشہ افراد ہلاک
علاوہ ازیں، لانڈھی شیر پاؤکالونی میں ڈکیتی کے دوران ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ہلاک ہوگیا، پولیس کے مطابق دو ملزمان گھر میں لوٹ مار کرنے داخل ہوئے، ملزمان کو دیکھ کر گھر کے افراد نے شور مچایا، تو اہل محلہ جمع ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کردی جس سے ان کا ساتھی ہلاک اور خاتون زخمی ہوئی، ہلاک ملزم سے اسلحہ اور لوٹا ہوا سامان برآمد کرلیا گیا۔
دریں اثنا، جہاں آباد میں پولیس کے سرچ آپریشن کے دوران ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی، جوابی فائرنگ سے ایک ملزم ہلاک اور اس کا ساتھی فرار ہوگیا، پولیس کے مطابق ہلاک ملزم سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی ہے۔