بلوچستان : ضلع نوشکی سے رحیم یار خان کے دو مزدور بھائیوں سمیت چار افراد کی گولیاں لگی لاشیں ملیں

شائع May 13, 2025
فائل فوٹو
فائل فوٹو

بلوچستان کے ضلع نوشکی میں چار افراد کی لاشیں ملیں، جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا، مقتولین میں رحیم یار خان سے تعلق رکھنےو الے دو سگےبھائی بھی شامل ہیں۔

ڈان نیوزکے مطابق ضلع نوشکی کی انتظامیہ نے بتایا ہے کہ گلنگور کےعلاقے سے 4 افراد کی لاشیں ملی ہیں، جن پر گولیوں کے نشانات ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق لیویز فورس نےلاشیں شناخت کےلیے ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیں جہاں دو کی شناخت عمران اور عرفان کے ناموں سے ہوئی، جو دونوں سگے بھائی تھے۔

اہل خانہ کے مطابق عمران اور عرفان کا تعلق ضلع رحیم یار خان کے چک 74عباسیہ فیروزہ سے ہے، اور دونوں بھائی بلوچستان میں مزدوری کےلیےگئے تھے۔

اہل خانہ نے حکومت بلوچستان سے اپیل کی ہے کہ مقتول بھائیوں کی نعشیں گھر پہنچائی جائیں۔

دریں اثنا ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند نے نوشکی میں 4 افراد کےقتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قتل کا سفاک واقعہ انسانیت سوز اور قابل افسوس ہے۔

شاہد رند نےکہا کہ بلوچستان میں امن کے دشمنوں کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا، قاتلوں کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ترجمان حکومت بلوچستان نے کہا کہ نوشکی واقعے کے متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں۔

قائد حزب اختلاف عمر ایوب خان کی جانب سے مذمت

پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف عمر ایوب نے بلوچستان میں 4 بےگناہ محنت کشوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والوں کے قتل عام پردکھ ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی،لسانیت کی بنا پربے گناہوں کی ٹارگٹ کلنگ سے نفرتوں میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ فارم 47 والی حکومت قیام امن میں ناکام ہو چکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 13 جون 2025
کارٹون : 12 جون 2025
OSZAR »