سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ’لینڈ کروزر میں بیٹھ کر‘ نماز جنازہ پڑھنے کی ویڈیو وائرل
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو کی اوکاڑہ میں لینڈ کروزر میں بیٹھ کر اپنے دوست کی نماز جنازہ ادا کرنے کی وڈیو وائرل ہوگئی۔
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو کی گرمی کے باعث لینڈ کروزر میں بیٹھ کر پہلی صف میں نماز جنازہ ادا کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے جس پر عوام کی جانب سے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ منظور احمد وٹو نے پہلی صف کے درمیان میں ہی اپنی گاڑی کھڑی کر دی ہے اور ان کے اطراف میں لوگ صفیں باندھ کر نماز جنازہ پڑھنے کی تیاری کر رہے ہیں۔
سوشل میڈیا صارفین نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کے لینڈ کروزر میں بیٹھ کر نماز جنازہ پڑھنے پر شدید تنقید کی ہے۔
ایکس پر ایک صارف امجد حمید چوہان نے وائرل ویڈیو کو اپنے اکاؤنٹ پر شیئر کرتے ہوئے لکھا ’ ایسے مناظر بھی پاکستان میں ہی دیکھنے کو ملتے ہیں، سابق وزیر اعلی پنجاب میاں منظور احمد وٹو صاحب ایک جنازہ اپنی لینڈ کروزر کے اندر ہی بیٹھ کر پڑھ رہے ہیں اور گاڑی پہلی لائن میں ہی کھڑی کرنا مقصود تھی باہر گرمی بہت ہے نا۔
ایک اور صارف محمد باقر راجپوت نے معاملے پر طنزیہ انداز میں کہا ’اس شدید گرمی میں میاں منظور احمد وٹو صاحب نے نماز جنازہ کے لئے اچھی سہولت متعارف کروائی ہے، سب لوگ مثبت سوچیں اور اس پہلو پر غور کریں کہ وٹو صاحب کی لینڈ کروزر نے کتنا ثواب کمایا ہوگا، تمام گاڑیوں کیلئے مثال قائم کردی‘۔
عوامی حلقوں کی جانب سے میاں منظور احمد وٹو کے اس اقدام پر شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے اسلامی احکامات کے منافی قرار دیا جارہا ہے۔