نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کمی کی منظوری دے دی

شائع June 25, 2025
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

کراچی سمیت ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے اچھی خبر سامنے آئی ہے، نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اوسط ایک روپے 50 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔

ڈان نیوز کے مطابق نیپرا نے آئندہ مالی سال 2025۔26 کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف کا تعین کردیا، نیپرا نے آئندہ مالی سال کے لیے بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 34 روپے فی یونٹ مقرر کرنےکی منظوری دی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اوسط ایک روپے 50 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں کتنی کمی ہوگی، اس کا فیصلہ وفاقی کابینہ کرے گی، کابینہ کی منظوری کے بعد ملک بھر میں نیا یکساں ٹیرف لاگو کیا جائے گا۔

نیپرا نے گذشتہ روز آئندہ مالی سال 26-2025 کے لیے پاور پرچیز پرائس کا فیصلہ جاری کیا تھا۔

نیپرا نےنیشنل اوسط پاور پرچیز پرائس میں ایک روپے 2 پیسے فی یونٹ کی کمی کی منظوری دی تھی۔

نیپرا نے 26-2025 کے لیے نیشنل اوسط پاور پرچیز پرائس 25 روپے 98 پیسے فی یونٹ مقررکیا، آئندہ مالی سال کے لیے پاور پرچیز پرائس 3 ہزار 342 ارب روپے سے زائد مقرر کیا گیا۔

نیپرا نے رواں مالی سال کے لیے پاور پرچیز پرائس 3 ہزار 534 ارب روپے مقرر کر رکھا ہے، کے الیکڑک کے سوا آئندہ مالی سال کے لیے پاور پرچیز پرائس 26 روپے 34 پیسے فی یونٹ مقرر کیا ہے۔

رواں مالی سال کے الیکٹرک کے سوا پاور پرچیز پرائس27 روپے 35 پیسے فی یونٹ مقرر ہے۔

کارٹون

کارٹون : 5 جولائی 2025
کارٹون : 4 جولائی 2025
OSZAR »