ایران کے امریکی اڈوں پر حملے کے دوران ٹرمپ اپنی ٹیم کیساتھ سچویشن روم میں موجود
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے سچویشن روم میں موجود تھے، جب ایران نے قطر میں امریکی اڈے پر میزائل حملہ کیا۔
برطانوی اخبار دی ٹیلیگراف کے مطابق امریکی صدر اپنی قومی سلامتی ٹیم کے ساتھ ملاقات کے طے شدہ شیڈول کے مطابق آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں، جو کہ امریکا کے وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے ہونا تھی۔
ٹرمپ انتظامیہ نے ایک بیان میں کہا کہ وائٹ ہاؤس اور محکمہ دفاع ممکنہ خطرات سے باخبر ہیں اور ان کی قریبی نگرانی کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ 13جون کو اسرائیل نے ایران پر جارحیت کرتے ہوئے تہران میں کئی ایرانی فوجی کمانڈرز، جوہری سائنسدانوں سمیت عام شہریوں کو نشانہ بنایا تھا، صہیونی حکومت نے امریکا سے ایران کی اہم ترین فردو جوہری سائٹ کو تباہ کرنے کے لیے مدد مانگی تھی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز 22 جون کو علی الصبح ایران میں فردو، نطنز، اصفہان کی جوہری تنصیبات پر 30 ہزار پاؤنڈ وزنی 14 بم گرادیے تھے، اس کے علاوہ میزائل حملے بھی کیے تھے، اس کے بعد ایران نے جوابی کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے امریکی اڈوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔
آج 23 جون کی رات کو ایران نے قطر، بحرین، کویت اور عراق میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے کیے، جس کے بعد عالمی امور کے ماہرین کا خیال ہے کہ مشرق وسطیٰ کی نازک صورت حال مزید کشیدگی کی جانب جاتی دکھائی دے رہی ہے۔