ایران کے اسرائیل کے مختلف شہروں میں میزائل اور ڈرون حملے، عمارتوں کو نقصان، 19 افراد زخمی
ایران کی جانب سے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں آپریشن ’وعدہ صادق تھری‘ بھرپور طریقے سے جاری ہے اور تہران نے تل ابیب سمیت اسرائیل کے مختلف علاقوں میں میزائلوں کی برسات کا اٹھارہواں مرحلہ مکمل کرلیا۔
خاتم الانبیا ہیڈکوارٹر کی جانب سے نئی کارروائیوں میں صہیونی فوجی مراکز، دو فضائی اڈے، دفاعی صنعتوں اور کمانڈ اینڈ کنٹرول مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے مرکزی اسرائیل کو ڈرونز اور میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے، یہ حملہ اٹھارھویں لہر کے طور پر جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب کو کیا گیا تھا۔
اسرائیل کے بندرگاہی شہر حیفہ کے ایک ہسپتال نے بتایا ہے کہ تازہ ایرانی حملے کے بعد 19 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے میزائل حملوں میں اب تک کم از کم 25 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
اسرائیل کے نیشنل پبلک ڈپلومیسی ڈائریکٹوریٹ کے مطابق، اب تک ملک پر 450 سے زائد میزائل فائر کیے جا چکے ہیں، جب کہ تقریباً 400 ڈرونز بھی بھیجے گئے ہیں۔
قبل ازیں خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ اسرائیل میں رات کو لگ بھگ 2:30 بجے (پاکستان میں 4:30 بجے) صہیونی فوج نے ایران کی طرف سے آنے والے میزائلوں کے بارے میں اپنے عوام کو خبردار کیا اور وسطی اسرائیل کے کچھ حصوں بشمول تل ابیب کے ساتھ ساتھ اسرائیل کے زیر قبضہ مغربی کنارے میں بھی فضائی حملے کے سائرن بجنے لگے۔
ایران سے فائر کیے گئے میزائل وسطی اسرائیل کے علاقے ڈین گش میں بھی گرے۔
صہیونی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے تل ابیب کی طرف آنے والے تمام میزائلز کو ہوا میں ناکام بنا دیا۔
ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے کہا کہ ایران نے پانچ بیلسٹک میزائل داغے اور میزائل کے اثرات کے فوری طور پر کوئی اشارے نہیں ملے۔
تاہم اسرائیل کی قومی ایمرجنسی سروس میگن ڈیوڈ ایڈوم نے کہا کہ ایران کی جانب سے کیے گئے نئے حملے وسطی اسرائیل میں ایک عمارت کی چھت پر آگ لگنے کی اطلاع ملی۔
حیفہ پر ایرانی میزائل حملے میں 3 افراد زخمی
اسرائیلی اخبار ’ہارتز‘ کے مطابق حیفہ پر ایرانی میزائل حملے میں زخمی ہونے والے 3 افراد رامبام ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ہسپتال کے ترجمان نے بتایا کہ ایک شخص کی حالت تشویشناک ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ متعدد افراد، جنہیں معمولی زخم آئے تھے، کو طبی امداد کے بعد ہسپتال سے رہا کر دیا گیا ہے۔
گولان کی پہاڑیوں، وادی بیت شیان پر ایرانی ڈرونز گرانے کا دعویٰ
الجزیرہ کے مطابق اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک ایرانی ڈرون کو مار گرایا ہے جو اسرائیلی فضائی حدود میں داخل ہوا تھا اور جس سے مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں میں کئی کمیونٹیز میں سائرن بج رہے تھے۔
غاصب فوج نے مزید کہا کہ ڈرون ایک غیر آبادی والے علاقے میں گر کر تباہ ہوا اور اس میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔
بعد ازاں اسرائیلی فوج نے وادی بیت شیان اور مقبوضہ مغربی کنارے کے شمال میں سائرن بجنے کے بعد ایک اور ایرانی ڈرون کو مار گرانے کا دعویٰ کیا۔