احمد آباد طیارہ حادثے میں بچ جانے والے تنہا شخص نے معجزاتی کہانی بتادی

شائع June 13, 2025
—اسکرین شاٹ
—اسکرین شاٹ

ایک روز قبل بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں طیارہ حادثے میں بچ جانے والے مسافر نے معجزاتی کہانی بتادی۔

احمد آباد سے لندن جانے والے ایئر انڈیا کا طیارہ 12 جون کو کر گر تباہ ہوا تھا، حادثے میں 241 مسافر اور عملے کے ارکان ہلاک ہوئے تھے، ایک شخص معجزاتی طور پر بچ گیا تھا۔

اب بچ جانے والے شخص نے اپنے پہلے انٹرویو میں حادثے کی تفصیلات بتادیں، جنہیں سن کر سب لوگ دنگ رہ گئے۔

زندہ بچ جانے والے مسافر نے ’این ڈی ٹی وی‘ کو مختصر انٹرویو دیا، جس دوران انہوں نے طیارہ حادثے کی کہانی بتائی۔

ہسپتال میں زیر علاج مسافر رمیش وشواس کمار نے بتایا کہ طیارہ اڑان بھرنے کے دوران ہی حادثے کا شکار ہوا۔

ان کے مطابق اڑان بھرنے کے دوران جب طیارے کی اسپیڈ تیز ہوتی ہے، تبھی ہی کوئی فنی خرابی ہوئی اور طیارہ اڑان بھرنے کے بجائے ہاسٹل کی عمارت سے جا لگا۔

رمیش وشواس کمار کا کہنا تھا کہ طیارہ عمارت سے ٹکرانے کے بعد دو حصوں میں ٹوٹ گیا، پہلا حصہ عمارت پر لٹکا رہا، دوسرا حصہ ٹوٹ کر نیچے جا گرا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ ٹوٹ کر نیچے گرنے والے حصے میں موجود تھے، جس وجہ سے وہ معجزاتی طور پر بچ گئے۔

ان کے مطابق پہلے تو انہیں بھی لگا کہ وہ بھی مرنے والے ہیں اور ان کی آنکھیں بھی بند ہوگئیں لیکن چند منٹوں کے بعد ان کی آنکھیں کھلیں تو پوری جان لگا کر وہ وہاں سے اٹھے اور باہر نکلے۔

رمیش وشواس کمار نے بتایا کہ ان کا سیٹ بیلٹ بھی ٹوٹ کر کھل کر چکا تھا، ان کے ارد گرد لاشیں تھیں، انہیں بھی یقین ہوگیا کہ وہ بھی مرنے والے ہیں لیکن معجزاتی طور پر وہ بچ گئے۔

رمیش وشواس کمار کا کہنا تھا کہ جہاز کے ٹوٹنے کے بعد وہاں آگ لگ گئی تھی، ان کا ایک بازو بھی جھلسا لیکن انہوں نے ہمت نہ ہاری اور پوری جان لگا کر طیارے سے باہر نکلے اور نئی زندگی پائی۔

انہوں نے سوالیہ انداز میں بتایا کہ انہیں خود معلوم نہیں کہ وہ کیسے زندہ بچے؟ لیکن وہ نئی زندگی ملنے پر بہت خوش ہیں۔

خوش قسمت مسافر نے بتایا کہ ان کا علاج اچھے طریقے سے کیا جا رہا ہے، انہیں امید ہے کہ وہ جلد ہی ڈسچارج ہوکر اپنے پیاروں سے ملیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 19 جون 2025
کارٹون : 18 جون 2025
OSZAR »