صدر آذربائیجان کا پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان
آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے پاکستان میں 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ پاکستان اور ترکیہ کی خودمختاری اور سلامتی کی حمایت کی ہے۔
آذربائیجان کے شہر کالاچین میں پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان سہ فریقی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کا کہنا تھا کہ آذر بائیجان ترکیہ میں 20 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کررہا ہے جب کہ پاکستان میں بھی 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کا دوسرا مشترکہ اجلاس ہے، گزشتہ سال جولائی میں بھی ہم اکٹھے ہوئے تھے، مجھے یقین ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک علاقائی سالمیت، خودمختاری اور انصاف پر یقین رکھتے ہیں اور آذربائیجان نے ہمیشہ اپاکستان اورترکیہ کی خودمختاری کی حمایت کی ہے۔
دوسری جانب، اجلاس سے خطاب میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ خوشی ہے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ تنازع میں سیز فائر ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک-بھارت تنازع کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف اور پاکستانی حکام کا کردار انتہائی مثبت رہا۔
ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے تعلقات انتہائی مضبوط ہیں۔
اس سے قبل، وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت نے پہلگام حملے کی تحقیقات کی مخلصانہ پیشکش مستردکی اور شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی سے روکنے کا بندوبست کررہے ہیں، امن چاہتے ہیں مگر یہ کشمیر سمیت فوری طلب معاملات پر مذاکرات سے ممکن ہے۔