کراچی: شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک کے جھوٹے دعووں پر شہری برہم
کراچی میں شدید گرمی کے باوجود کے الیکٹرک کی جانب سے طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، مختلف علاقوں میں 12 سے 16 گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے جبکہ مینٹی ننس کے نام پر گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن گیا، شہریوں نے لوڈشیڈنگ ختم یا کم کرنے کے کے الیکٹرک کے دعووں کو جھوٹا قرار دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں شدید گرمی کے دوران کے الیکٹرک کی جانب سے بجلی کے طویل بریک ڈاؤن نے شہریوں کی زندگی اجیرن کرکے رکھ دی ہے۔
کے الیکٹرک نے حالیہ دنوں میں شہر کے متعدد علاقوں میں نہ صرف بجلی کے تعطل کا دورانیہ بڑھادیا ہے بلکہ کئی علاقے ایسے بھی ہیں جہاں پر لوڈشیڈنگ نہیں ہوتی تھی مگر اب وہاں باقاعدہ 6 سے 10 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
کراچی کے علاقے کورنگی، لانڈھی، ملیر، کھوکرا پار، قائد آباد، گلستان جوہر کے مختلف بلاکس، نیوکراچی، نارتھ کراچی، سرجانی اور لیاقت آباد میں طویل دورانیے کی لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔
اس کے علاوہ جمشید روڈ، جہانگیر روڈ، پی آئی بی، مچھرکالونی، ریلوے کالونی، ماڑی پور اور ہاکس بے میں بھی بجلی کا طویل تعطل جاری ہے۔
کورنگی کے علاقے 35 سی کے ایک رہائشی نے ڈان ڈیجیٹل کو بتایا کہ ان کے علاقے میں گزشتہ 5 سال سے لوڈشیڈنگ نہیں ہو رہی تھی مگر اب گزشتہ ایک ہفتے سے شدید گرمی میں 12 سے 16 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
اس کے علاوہ کورنگی کے علاقے 48 بی کے مکین نے بتایا کہ گزشتہ تین ہفتوں میں چھ سے سات بار مینٹی ننس کے نام پر 10 سے 12 گھنٹے بلا تعطل بجلی بند کردی جاتی ہے جبکہ شیڈول لوڈشیڈنگ اس کے علاوہ جاری رہتی ہے، مکین نے بتایا کہ گزشتہ سال دسمبر میں ان کا علاقہ لوڈشیڈنگ فری کردیا گیا تھا مگر اب پھر ایک ہفتے سے روزانہ 10 سے 12 گھنٹے بجلی بند کی جارہی ہے۔
علاوہ ازیں ملیر شادمان کے رہائشی نے ڈان ڈیجیٹل کو بتایا کہ اُن کے علاقے میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول ہے، بجلی کب آتی اور کب جاتی ہے کچھ پتا نہیں، شدید گرمی میں رات کے اوقات میں بجلی بند کردی جاتی ہے اور جب ہیلپ لائن پر کال کریں تو بس خود کار آواز کے ذریعے علاقے کا بجلی کا شیڈول بتایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ کے الیکٹرک کی جانب سے گزشتہ سال حکومت سندھ کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ رات 12 بجے سے صبح 6 بجے تک شہر میں لوڈشیڈنگ شیڈول نہیں کی جائے گی، مگر ڈان ڈیجیٹل کو دستیاب معلومات کے مطابق درجنوں علاقوں میں رات 12 کے بعد سے باقاعدہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
لیاقت آباد بی ون ایریا کے مکینوں نے کے الیکٹرک پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ روزانہ 8 سے 10 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کے باوجود رات کو بھی بجلی بند کردی جاتی ہے جو اکثر دو سے چار گھنٹے تک غائب رہتی ہے۔
جمشید روڈ کے رہائشیوں نے بتایا کہ ان کے علاقے میں بجلی کی بندش کا کوئی شیڈول نہیں، روزانہ 14 سے 16 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ معمول بن گئی ہے جبکہ ہر ہفتے ایک یا دو دن ایسے بھی آتے ہیں کہ مرمت کے نام پر مسلسل کئی کئی گھنٹوں تک بجلی غائب رہتی ہے۔
جہانگیر روڈ کے ایک مکین نے بتایا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے ان کے علاقے میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 10 گھنٹے بتایا جاتا ہے مگر روزانہ 16 گھنٹے تک بجلی بند کی جاتی ہے جبکہ رات کو 2 بجے سے صبح 4 بجے تک بجلی کا تعطل بھی معمول ہے۔
ڈان ڈیجیٹل نے شہریوں کی جانب سے متعدد شکایات کے بعد کے الیکٹرک سے رابطہ کیا جس پر ادارے کی جانب سے دعویٰ کیا گیا کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کردی گئی ہے اور کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4 گھنٹے سے کم کردیا گیا ہے جبکہ شہر کے 70 فیصد سے زائد علاقے لوڈشیڈنگ فری ہیں۔
کے الیکٹرک نے جن علاقوں میں لوڈشیڈنگ مکمل ختم کرنے اور کم کرنے کا دعویٰ کیا ہم نے اس کی تصدیق کے لیے متعلقہ علاقوں کے مکینوں سے رابطہ کیا جس پر انہوں نے اس دعوے کو جھوٹ قرار دے دیا، شہریوں نے غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شدید گرمی میں لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں نہ صرف اضافہ کردیا گیا ہے بلکہ مرمت کے نام پر غیر اعلانیہ تعطل بھی معمول بن گیا ہے۔
شہریوں نے یہ بھی شکایت کی کہ کے الیکٹرک کی جانب سے ہیلپ لائن کا مکینزم بھی تبدیل کردیا گیا ہے، شکایات سننے کے بجائے خود کار آواز رہ نمائی کرتی ہے، علاقے کا لوڈشیڈنگ شیڈول اور دیگر معاملات پر ریکارڈ شدہ جواب دے دیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے صارفین کو درپیش مسائل بیان کرنے میں پریشانی کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ 70 فیصد بجلی کا نیٹ ورک لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہے، ان علاقوں میں بجلی سپلائی بلاتعطل 24 گھنٹے کی جاتی ہے جبکہ 30فیصد نیٹ ورک پر بجلی چوری اور بلوں کی عدم ادائیگی جیسے مسائل کا سامنا ہے۔
ترجمان کاکہنا ہے کہ ان کا ادارہ سہ ماہی بنیاد پر اپنے نیٹ ورک کا ڈیٹا بیسڈ جامع جائزہ لیتا ہے تاکہ شفافیت اور درستی یقینی بنائی جا سکے، کے الیکٹرک اُن عوامی نمائندگان اور کمیونٹی لیڈرز کے ساتھ مکمل تعاون کے لیے پرعزم ہے جو بجلی چوری اور نقصانات کے خلاف مشترکہ طور پر اقدامات اٹھانے کے خواہاں ہوں۔