نور بخاری کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش
دین اسلام کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی اختیار کرنے والی سابق اداکارہ، ماڈل و ٹی وی میزبان نور بخاری کے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش پر شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں مبارک باد پیش کی ہے۔
نور بخاری نے 17 مئی کو انسٹاگرام پوسٹ میں اپنے ہاں چوتھے بچے کی پیدائش کی تصدیق کرتے ہوئے مداحوں سے بچے اور اپنی صحت کے لیے دعائیں کرنے کی درخواست بھی کی۔
انہوں نے قرآنی آیت لکھتے ہوئے بتایا کہ ان کے ہاں بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے، انہوں نے بیٹی کا نام ’دعا زہرہ‘ رکھا ہے۔
نور بخاری نے مداحوں اور خیر خواہوں سے بچے اور اپنی صحت کے لیے دعاؤں کی درخواست کی جب کہ ان کی پوسٹ پر معروف شخصیات سمیت مداحوں نے کمنٹس کرتے ہوئے انہیں مبارک باد پیش کی۔
انہوں نے واضح نہیں کیا کہ ان کے ہاں بچے کی پیدائش کہاں ہوئی؟ انہوں نے اپنے ہاں متوقع بچے کی پیدائش کا اعلان بھی نہیں کیا تھا۔
نور بخاری کے ہاں دو سال قبل مئی 2023 میں بیٹے ’محمد علی رضا‘ کی پیدائش بھی ہوئی تھی۔
انہیں پہلے بھی شوہر عون چوہدری سے دو بیٹیاں ہیں، اب ان کے ہاں چوتھے بچے اور تیسری بیٹی کی پیدائش ہوئی ہے۔
نور بخاری کی عمر 40 سال سے زائد ہے اور وہ ادھیڑ عمری میں چوتھی بار والدہ بنیں جب کہ ان کے شوہر عون چوہدری بھی ادھیڑ عمر ہیں۔
نور بخاری نے 2020 سابق شوہر عون چوہدری سے دوبارہ شادی کی تھی، دونوں نے پہلی بار 2012 میں شادی کی تھی اور انہیں اس وقت دو بچے ہوئے تھے، بعد ازاں 2015 میں ان کی طلاق ہوگئی تھی۔
سابق اداکارہ کی شادی شدہ زندگی دلچسپ رہی ہے، انہوں نے تین مردوں سے چار بار شادی کی، عون چوہدری سے انہوں نے دوسری بار شادی کی ہے۔
نور بخاری نے پہلی شادی 2008 میں صنعت کار وکرم سے کی تھی جو محض 2 سال سے بھی کم عرصے تک چلی اور دونوں میں 2010 میں ہی طلاق ہوگئی۔
پہلی طلاق ہونے کے بعد نور بخاری نے دوسری شادی طلاق کے 8 ماہ بعد فاروق مینگل سے کی جو بمشکل 4 ماہ ہی چل سکی اور دونوں کی طلاق ہوگئی۔
پہلی دونوں طلاقوں کے بعد 2012 میں نور بخاری نے عون چوہدری سے تیسری شادی کی تھی تاہم ان کی یہ شادی کچھ ہی عرصے میں طلاق پر ختم ہوئی تو اداکارہ نے گلوکار ولی حامد سے 2015 میں چوتھی شادی کی۔
انہوں نے 2020 میں دین اسلام کی خاطر شوبز سے کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا اور تب وہ حجاب میں نظر آتی ہیں جب کہ وہ ڈراموں میں بھی دکھائی نہیں دیتیں۔