پیئرز مورگن کے شو میں برکھا دت کا نامناسب رویہ، حنا ربانی کھر نے پروگرام چھوڑ دیا
برطانوی صحافی پیئرز مورگن کے شو میں بھارتی صحافی برکھا دت کی جانب سے نامناسب رویہ اختیار کیے جانے اور حنا ربانی کھر کو بات کرنے کے لیے مناسب وقت نہ دیے جانے پر پاکستانی شوبز شخصیات، صحافی اور سوشل میڈیا صارفین حنا ربانی کھر کی حمایت میں سامنے آگئے۔
پاکستان کی شوبز شخصیات، سوشل میڈیا صارفین اور صحافیوں نے حنا ربانی کھر کے موقف کی بھرپور حمایت جب کہ برکھا دت کے رویے پر سخت تنقید کی۔
پیئرز مورگن نے حال ہی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کے موضوع پر اپنے یوٹیوب چینل ’Piers Morgan Uncensored‘ پر ایک خصوصی پروگرام پیش کیا تھا۔
پروگرام میں پاکستان کی نمائندگی سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور ’The Pakistan Experience‘ کے میزبان و یوٹیوبر شہزاد غیاث شیخ نے کی جبکہ بھارت کی جانب سے معروف صحافی برکھا دت اور سوشل میڈیا انفلوئنسر رنویر الہ آبادیا شریک ہوئے۔
پروگرام کے دوران بھارتی صحافی برکھا دت کا رویہ غیر پیشہ ورانہ رہا، انہوں نے کئی بار حنا ربانی کھر کی گفتگو میں مداخلت کی، ان کی بات کاٹتی رہیں اور بھویں چڑھا کر بیزاری کا اظہار کرتی رہیں۔
پیئرز مورگن نے سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے سوال کیا کہ بھارت کو پہلگام حملے میں 26 افراد کی ہلاکت کے بعد کیا ردِعمل دینا چاہیے تھا؟
اس پر حنا ربانی کھر نے کہا کہ بھارت کو ایسا ہی ردعمل دینا چاہیے تھا جیسا پاکستان نے جعفر ایکسپریس پر بلوچستان میں ہونے والے حملے کے بعد دیا (یعنی ثبوتوں کی بنیاد پر حقائق سامنے لائے جاتے)۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ایک پاکستانی ہوں اور بھارت سے کسی قسم کا موازنہ نہیں چاہتی۔ ایسے ملک سے برابری کی خواہش کیسی جو بغیر کسی ثبوت کے دہشت گردی کے الزامات لگا کر، اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو نظر انداز کرتے ہوئے یکطرفہ سرحد پار حملے کرتا ہے؟
حنا ربانی کھر جب یہ موقف بیان کر رہی تھیں، تو برکھا دت بدستور ان کی بات پر ناپسندیدگی ظاہر کرتی رہیں۔
بعدازاں پروگرام کے آخری لمحات میں صورتحال اس وقت کشیدہ ہوئی جب برکھا دت نے پاکستان کے اندرونی حالات پر تنقید شروع کردی، جس پر حنا ربانی کھر نے انھیں روکتے ہوئے کہا کہ کیا ہم یہاں یہ باتیں کرنے کے لیے نہیں بیٹھے؟
برکھا دت نے جواب دیا کہ جب آپ ہماری بات کر سکتی ہیں تو ہم بھی کر سکتے ہیں، مجھے بات کرنے کا موقع دیں، اس پر حنا ربانی کھر نے اجازت دیتے ہوئے کہا کہ جی جی، آپ بات جاری رکھیں اور پھر وہ پروگرام سے واک آؤٹ کر گئیں۔
اس واقعے کے بعد یہ پروگرام سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا، پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ عروہ حسین نے حنا ربانی کھر اور شہزاد غیاث شیخ کے پیشہ وارانہ رویے کو سراہتے ہوئے بھارتی صحافیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
پروگرام پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی ردعمل دیا اور اُن کی جانب سے بھی بھارتی صحافی برکھا دت کو نامناسب رویے پر تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔