پاکستانی اداکار بھارت میں کام کرنے کے لیے مرے جا رہے ہیں، ثنا عسکری
اداکارہ و ماڈل ثنا عسکری نے کہا ہے کہ پاکستانی اداکار بھارت میں کام کرنے کے لیے مرے جا رہے ہیں اور یہ کہ اگر بھارتی پاکستانی فنکاروں کو چھینک مارنے کے لیے بھی بلائیں تو پاکستانی دوڑے دوڑے چلے جائیں گے۔
ثنا عسکری نے حال ہی میں ’ایف ایچ ایم‘ پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر بات کی۔
ایک سوال کے جواب میں کہا کہ فنکاروں کو یوٹیوبرز اور ولاگر پر تنقید نہیں کرنی چاہیے، ان کا اپنا کام اور اپنی دنیا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ولاگرز اور یوٹیوبرز اچھا مواد بھی تیار کرتے ہیں اور ان سے سیکھنے کو بہت کچھ ملتا ہے، فنکاروں کو ان پر تنقید نہیں کرنی چاہیے۔
ثنا عسکری نے کہا کہ جسے خدا نے عزت دی ہے تو اس پر دوسرے لوگوں کو بات کرنے کا حق نہیں اور یہ کہ ولاگرز اور یوٹیوبرز کو روزی فنکار نہیں دیتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ زیادہ تر پاکستانی ولاگرز کو نہیں دیکھتیں لیکن کسی کو حق نہیں کہ وہ ڈکی بھائی یا کسی اور پر تنقید کرے، وہ جو بھی کر رہا ہے، اس کی اپنی مرضی ہے۔
اداکارہ نے یہ بھی کہا کہ ولاگرز کو بھی یہ بات سمجھنی چاہیے کہ اگر کوئی شخص ان پر تنقید کر رہا ہے تو اس پر برا نہ منائیں، کیوں کہ انہوں نے اپنی پوری زندگی سب کے سامنے کھول کر رکھ دی، بولنے والے تو بہت کچھ بولیں گے۔
ایک اور سوال کے جواب میں ثنا عکسری کا کہنا تھا کہ پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں عزت سے کام کرنا چاہیے اور یہ کہ شوبز میں کام دو طرفہ ہونا چاہیے۔
ان کے مطابق جس طرح پاکستانی فنکار وہاں کام کرنے جاتے ہیں، اسی طرح وہاں کے لوگ بھی یہاں کام کرنے آئیں لیکن بھارتی فنکار یہاں نہیں آتے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں معلوم نہیں کہ بھارتی فنکار پاکستان کام کرنے کیوں نہیں آتے لیکن صرف یک طرفہ طور پر پاکستانی فنکار وہاں کام کرنے جاتے ہیں۔
ثنا عکسری نے فواد خان کا نام لیتے ہوئے مثال دی کہ بھارتی ان پر پابندی لگانے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور وہ وہاں کام کرنے کے لیے مرے جا رہے ہیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ اگر عزت سے کام دیا جائے تو پاکستانی فنکار کریں، ورنہ انہیں بھارت میں کام نہیں کرنا چاہیے، پاکستانی فنکار انڈیا میں کام کرنے کے لیے مرے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ اگر بھارتی چھینک کے لیے بھی بلائیں تو بھی پاکستانی فنکار چلے جائیں گے اور خوش ہوں گے بھارت نے چھینک مارنے کے لیے بلایا ہے۔
ثنا عسکری نے پروگرام میں بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستانیوں کو اپنے ملک میں رہ کر کام کرنا چاہیے، یہاں بھی اسٹارز کی بہت عزت ہے، وہ اپنے لوگوں اور اپنی انڈسٹری میں رہ کر اسٹار بننے کے مزے لوٹیں۔