سوات: شانگلہ میں جنگل میں لگی آگ کی لپیٹ میں آکر جوڑا جھلس کر جاں بحق
خیبر پختونخوا کے ضلع شانگلہ کی تحصیل مارتونگ میں پہاڑوں پر جنگلات میں لگنے والی شدید آگ کی لپیٹ میں آ کر ایک جوڑا جھلس کر جاں بحق ہو گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پاکستان میں حالیہ برسوں میں جنگلات میں لگنے والی آگ میں غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سمیت کئی صوبے پچھلے 3 سالوں کے دوران بڑے پیمانے پر جنگلاتی آگ کا سامنا کر چکے ہیں۔
سب ڈویژنل پولیس آفیسر (ایس ڈی پی او) عثمان منیر نے ڈان ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ پہاڑوں پر لگی آگ کے وقت ایک جوڑا اپنے گھر کے قریب رکھے ہوئے لکڑی کے ذخیرے کو آگ سے بچانے کی کوشش کر رہے تھے لیکن وہ خود بھی اس آگ سے بری طرح جھلس کر جاں بحق ہوگئے۔
الپوری میں محکمہ جنگلات کے سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر (ایس ڈی ایف او) زاہد حسین نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ متاثرین کی شناخت حکیم زادہ اور ان کی اہلیہ حاجیروں کے ناموں سے ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ مقتولین نے اپنے گھر کے قریب جھاڑیوں کو آگ لگائی تھی تاہم، تیز اور جھکڑ دار ہوا کے باعث آگ قابو سے باہر ہو گئی اور جنگل میں پھیل گئی، جب کہ آگ پر اب قابو پا لیا گیا ہے اور جاں بحق افراد کی لاشیں موقع سے برآمد کر لی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر شانگلہ محمد فواد کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کو معاوضہ دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سال 2024 میں شانگلہ میں 50 سے زائد جنگلاتی آگ کے واقعات رپورٹ ہوئے جب کہ جون 2022 میں ضلع کے علاقے چکسر میں جنگلاتی آگ کے باعث 4 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔