کوٹری: پسند کی شادی کرنیوالا جوڑا 2 بچوں سمیت قتل، گھر سے 4 روز پرانی لاشیں برآمد
سندھ کے شہر کوٹری میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کو 2 بچوں سمیت قتل کردیا گیا، گھر سے میاں بیوی اور 2 بچوں کی 4 روز پرانی لاشیں ملیں۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس حکام نے بتایا کہ کوٹری سائٹ میں ایک گھر سے میاں بیوی اور 2 بچوں کی لاشیں ملی ہیں جو 4 روز پرانی ہیں، تمام مقتولین کے جسم پر چھریوں کے وار کے متعدد نشانات موجود ہیں۔
مقتولین میں 40 سالہ عمران آری، 35 سالہ عالیہ، 10 سالہ ذیشان اور 5 سالہ سلمان شامل ہیں، اس جوڑے نے 2016 میں پسند کی شادی کی تھی، عالیہ کے بھائیوں نے پہلے بھی حملہ کیا تھا جس کے بعد اس جوڑے نے رہائش کی جگہ تبدیل کرلی تھی۔
پولیس اور ریسکیو نے لاشوں کو ایدھی سرد خانے منتقل کردیا جہاں قانونی کارروائی کے بعد انہیں ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔
جاں بحق ہونے والے خاندان کا تعلق بلوچستان سے ہے اور ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ پسند کی شادی کے بعد پیدا ہونے والی دشمنی کا نتیجہ ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ قاتلوں نے گھر سے ایک لڑکی کو اغوا بھی کیا، جس کی تلاش جاری ہے۔