ایک روزہ شدید مندی کے بعد اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں ایک روزہ شدید مندی کے بعد آج تیزی کا رحجان رہا اور ان کے اختتام پر 100 انڈیکس میں 3 ہزار 647 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ڈان نیو زکے مطابق پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کے روز بازارِ حصص میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور کاروبار کے آغاز پر کے ایس ای 100 انڈیکس 849 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 104375 پوائنٹس پر پہنچا۔
بعد ازاں، پی ایس ایکس میں یہ تیزی برقرار رہی اور ایک وقت ایسا بھی آیا جب انڈیکس 2115 پوائنٹس چڑھ کر ایک لاکھ 5 ہزار 642 کی سطح پر پہنچ گیا۔
تاہم، دن بھر اتار چڑھاؤ جاری رہا اور مارکیٹ میں 536 پوائنٹس کی کمی بھی دیکھی گئی، اس کمی کے بعد انڈیکس 102,990 تک گر گیا، لیکن پھر دوبارہ 142 پوائنٹس کی بحالی ہوئی اور انڈیکس 103669 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔
پاکستان اسٹاک ایکس چینچ کی ویب سائٹ کے مطابق دن کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 3 ہزار 647 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 7 ہزار 174 پوائنٹس پر بند ہوا۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت پر جنگ کے بادل چھانے کے بعد گذشتہ روز پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید ترین مندی دیکھی گئی تھی اور دن کے اختتام پر بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس میں 6 ہزار 482 پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق کے ایس ای-100 انڈیکس 6 ہزار 482 پوائنٹس یا 5.89 فیصد تنزلی سے ایک لاکھ 3 ہزار 526 پوائنٹس پر بند ہوا تھا جو گذشتہ سے پیوستہ روز ایک لاکھ 10 ہزار 9 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
یہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تاریخ کی دوسری سب سے بڑی ایک روزہ کمی، اس سے قبل گزشتہ ماہ امریکا کی جانب سے ٹیرف کے اعلان کے بعد 8,700 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی۔