شوہر کی لاتیں اور تھپڑ بھی کھائے، امبر خان
سینئر اداکارہ امبر خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے اپنی ساس، سسر اور نند سے اچھے تعلقات رہے لیکن وہ شوہر کا تشدد برداشت کرتی ہیں، شوہر کی لاتیں اور تھپڑ بھی کھائے۔
امبر خان نے حال ہی میں سماء ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی، جہاں ایک بار پھر انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق کھل کر بات کی۔
ان کا کہنا تھا کہ والدین نے انہیں نازوں اور پیار سے پالا تھا لیکن ان کی شادی شدہ زندگی زیادہ اچھی نہیں رہی، بد قسمتی سے انہیں اچھے شوہر نہ ملے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی شادی کم عمری میں ہوگئی تھی، انہوں نے 20 سال کی عمر میں شادی کی لیکن وہ کافی سمجھدار تھیں۔
اداکارہ کے مطابق اتنی عمر میں زیادہ تر لڑکیاں نا سمجھ ہوتی ہیں لیکن وہ کافی سمجھدار تھیں، تاہم انہیں اچھا شوہر نہیں ملا، جس وجہ سے ان کی شادی شدہ زندگی کامیاب نہ رہی۔
امبر خان کا کہنا تھا کہ وہ لڑکیاں خوش قسمت ہوتی ہیں، جنہیں اچھے شوہر ملتے ہیں، اس ضمن میں وہ بد قسمت رہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کے اپنی ساس، سسر اور یہاں تک کہ نند سے بھی اچھے تعلقات تھے، ان کے ساتھ ان کی دوستی ہوتی تھی لیکن شوہر سے ان کے معاملات ٹھیک نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنی نند کے لیے بھی شوہر سے لڑتی تھیں لیکن اپنے لیے کچھ بول نہیں پاتی تھیں، جس پر والدین نے بھی انہیں سمجھایا کہ وہ برداشت نہ کرے، وہ بولے اور جواب دے۔
اداکارہ کے مطابق والد نے انہیں کہا کہ بیٹی ہونے کے باوجود والدین نے انہیں کبھی نہیں مارا تو شوہر انہیں مارنے والا کون ہوتا ہے؟
امبر خان کا کہنا تھا کہ انہوں نے شوہر کا تشدد برداشت کیا، ان کی لاتیں اور تھپڑ بھی کھائے لیکن پھر وہ والدین کی جانب سے سمجھائے جانے کے بعد بولنے لگیں اور انہوں نے مزید تشدد برداشت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
اس سے قبل بھی امبر خان اپنی شادی اور طلاق سے متعلق کھل کر بات کر چکی ہیں اور بتا چکی ہیں کہ شوہر نے ہی شوبز میں کام کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کی اور تعاون کیا لیکن بعد میں ان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوئے تو ان کی طلاق ہوگئی۔
اداکارہ نے جنوری 2025 میں بتایا تھا کہ طلاق کے اگلے ہی روز وہ کام پر چلی گئی تھیں، انہوں نے عدت مکمل نہیں کی تھی، کیوں کہ ان کے کام کرنے سے ہی ان کے گھر کے معاملات چلتے تھے اور انہیں گھر چلانے کے لیے ہر حال میں کام کرنا تھا۔