رہنماؤں کے ساتھ مبینہ بدسلوکی پر بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں کی بھوک ہڑتال
بلوچ یکجہتی کمیٹی کے رہنماؤں بشمول چیف کنوینر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے دوران حراست مبینہ بدسلوکی کے خلاف بھوک ہڑتال کا آغاز کر دیا۔
ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ نے آج ڈان کو بتایا کہ ماہ رنگ نے بھوک ہڑتال شروع کی، جبکہ وکیل عمران بلوچ کا کہنا تھا کہ بلوچ یکجہتی کمیٹی کے مرکزی رہنما ساغبت اللہ شاہ، بیبگ بلوچ، گلزادی بلوچ اور 100 سے زائد حامیوں نے بھی گزشتہ رات بھوک ہڑتال کا آغاز کیا۔
وکیل عمران بلوچ کے مطابق ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ نے کہا کہ محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے اہلکاروں کی جانب سے جیل میں تشدد اور بیبو بلوچ کی ضلع جیل پشین میں منتقلی کے خلاف یہ بھوک ہڑتال شروع کی گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت 100 سے زائد بلوچ یکجہتی کمیٹی کے ارکان ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی ہدایت پر بھوک ہڑتال پر ہیں۔
ایکس پر ایک بیان میں نادیہ بلوچ نے دعویٰ کیا کہ بیبو کو ڈاکٹر ماہ رنگ اور گلزادی سے الگ کر کے ضلع جیل پشین میں قید کر دیا گیا، اور الزام لگایا کہ انہیں اپنے خاندان اور قانونی مشیر تک رسائی سے روک دیا گیا ہے۔
نادیہ بلوچ نے الزام لگایا کہ پشین منتقل ہونے سے قبل بیبو بلوچ کو جسمانی اور ذہنی و نفسیاتی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
بی وائی سی رہنما کی بہن نے مزید الزام لگایا کہ جیل انتظامیہ نے بیبو کے مقام کو چھپانے کی کوشش کی، لیکن دباؤ بڑھانے کے بعد یہ معلومات جاری کر دی گئیں۔
دریں اثنا، بلوچ یکجہتی کمیٹی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ گروپ کی قیادت بھوک ہڑتال کر رہی ہے تاکہ ’جیلوں کے اندر تشدد‘ کے خلاف احتجاج کیا جا سکے۔
خیال رہے کہ ماہ رنگ بلوچ اور بلوچ یکجہتی کمیٹی کے دیگر کارکنوں کو 22 مارچ کو مبینہ طور پر کوئٹہ سول ہسپتال پر حملہ کرنے اور لوگوں کو تشدد پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا، یہ گرفتاری ان کے ارکان پر کوئٹہ میں مبینہ جبری گمشدگیوں کے خلاف احتجاج کے دوران پولیس کریک ڈاؤن کے ایک دن بعد عمل میں آئی تھی۔
21 اپریل 2025 کو بلوچ یکجہتی کمیٹی کی چیف آرگنائزر ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی انسدادِ دہشت گردی آرڈیننس کی دفعہ 3 کے تحت نظربندی میں ایک ماہ کی توسیع کر دی گئی تھی۔
ڈاکٹر ماہ رنگ کے وکیل عمران بلوچ نے ڈان کو بتایا تھا کہ انہیں نظربندی میں ایک ماہ کی توسیع کا علم کسی نوٹیفکیشن یا حکم کے ذریعے نہیں بلکہ کوئٹہ جیل انتظامیہ کے ذریعے معلوم ہوا ہے۔