پاکستان اور ترکیہ کا غزہ میں فوری جنگ بندی کی حمایت کا اعادہ
پاکستان اور ترکیہ نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی حمایت کا اعادہ کیا ہے جب کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ہے۔
ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انقرہ کے سرکاری دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے 1967 سے قبل کی سرحدوں کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس الشریف کو دارالحکومت بنانے کا بھی مطالبہ کیا۔
اردوان نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے پختہ موقف کی تعریف کی۔
رپورٹ میں ان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان ان ممالک میں سے ایک تھا جس نے غزہ میں نسل کشی پر سخت ردعمل دیا۔
رپورٹ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ میں فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد کی بلا روک ٹوک فراہمی پر بھی زور دیا۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ترک صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر 2 روزہ دورے پر منگل کو ترکیہ پہنچے تھے۔
ڈان نیوز کے مطابق انقرہ ایئرپورٹ پر ترک وزیر دفاع نے شہبازشریف کا استقبال کیا تھا، جبکہ اس موقع پر ڈپٹی گورنر، پاک ترک کلچرل ایسوسی ایشن اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔